نئی دہلی،27؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کورونا وائرس کی وبا کے علاج کے لئے ویکسین تیار کرنے کی سمت میں مودی حکومت کی طرف سے کی جا رہی لاپرواہیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے مودی حکومت پر نشانہ لگایا اور کہا کہ حکومت ہند کے پاس ابھی تک کورونا ویکسین کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں ہے، حکومت کی یہ لاپرواہی تشویشناک ہے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’اب تک کورونا کی ویکسین بنانے کے لئے ایک منصفانہ اور جامع حکمت عملی تیار ہو جانی چاہیے تھی لیکن تاحال اس کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ حکومت ہند کی لاپرواہی تشویشناک ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے تبصرہ 14 اگست کے اپنے ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کیا ہے۔
اپنے پرانے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا تھا، ’’ہندوستان کووڈ- 19 کی ویکسین تیار کرنے والے ممالک میں سے ایک ہوگا۔ ویکسین کی آسان دستیابی، سستے دام اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے جامع اور مساوی حکمت عملی تیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ حکومت ہند کو اب یہ کام کرنا چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ متعدد ممالک کورونا ویکسین بنانے میں مصروف ہیں اور روس نے ویکسین بنانے کا دعوی بھی کر دیا۔ ادھر، ہندوستان میں کورونا کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ وزارت صحت کے ذریعہ جمعرات کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا انفیکشن کی تعداد بڑھ کر 3310234 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ہی کورونا کے 75760 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران 1023 کورونا کے مریض فوت ہو گئے۔ اب تک 2523771 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں اور 60472 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔